حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کل ہند شیعہ مجلس علماء و ذاکرین نے آج بہت ہی سخت مذمت کے ساتھ راجہ سنگھ کے خلاف اپنا ایک مذمتی بیان جاری کیا ہے۔
مذمتی بیان کا متن حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
إنا لله وإنا إليه راجعون
کل ہند شیعہ مجلس علماء و ذاکرین کی جانب سے مولانا سید نثار حسین (حیدر آقا) نے آج بہت ہی سخت مذمت کے ساتھ راجہ سنگھ کے خلاف اپنا ایک مذمتی بیان جاری کیا ہے، جیسا کہ کم عقل راجہ سنگھ نے کائنات کے رسول حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کی توہین کرنے کی کوشش کی ہے اور بدزبانی کرتے ہوئے رسولؐ کے خلاف غلط الفاظ کا استعمال کیا ہے ۔
صدر مجلس نے کہا کہ ہم اس کو ہرگز ہرگز برداشت نہیں کریں گے اور ہم شدید الفاظ میں اس ناہل و ملعون کی مذمت کرتے ہیں ۔ اور یہ بات تمام سمجھدار لوگ جانتے ہیں کہ رسول حضرت محمد مصطفیٰؐ صرف ایک قریہ یا کسی ایک ملک یا کسی ایک گروہ کے رسولؐ نہیں ہیں بلکہ ساری انسانیت کے لئے آپ کو رسول بناکے بھیجا گیا ہے ’’ وَ مَا اَرْسَلْنَاکَ اِلَّا رَحْمَۃً لِلْعَالَمِیْنَ‘‘ عالمین کے لئے رحمت ہیں ۔ ایسی عالمی شخصیت اور ذات کے لئے کسی بھی نازیبا الفاظ کا استعمال کیا جانا بہت ہی شرمناک اور افسوسناک ہے ۔
بی ۔ جی ۔ پی ۔ لیڈر کے اس بیہودہ بیان سے پتہ چلتا ہے کہ کس طرح سے آج کچھ نالائق لوگ فتنہ برپا کرنا چاہتے ہیں اور پرامن بھارت کو فساد میں جھونکنا چاہتے ہیں ۔ اور افسوس ہے کہ ایسے لوگ خود دوسرے کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں جو یہ سمجھ رہے ہیں کہ مسلمان آپس میں ٹکرا جائیں اُن کو معلوم ہونا چاہئے کہ تمہارے ان بیانات سے ہم مسلمانوں میں اور اتحاد و اتفاق پیدا ہوتا ہے ۔ کیونکہ ہمارا اللہ ، رسولؐ ، قرآن ، قبلہ سب ایک ہے ہم سب مل کر رہتے ہیں اور مل کر رہیں گے اور تم جیسے لوگوں کی بکواس کو برداشت نہیں کریں گے ۔ لہٰذا ہم کل ہند شیعہ مجلس علماء و ذاکرین کی طرف سے راجہ سنگھ جیسے جاہل اور کم عقل کی شدید مذمت کرتے ہیں ۔ اور حکومت سے گزارش کرتے ہیں کہ ایسے لوگوں کی زبان کو لگام دے اور قانونی شکنجہ تنگ کرے تاکہ آئیندہ بھی کسی کی ہمت نہ ہو ۔
والسلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ